25/جون (ایس او نیوز) کورونا وبا کے چلتے ملک بھر میں لگے لاک ڈاون کے بعد قریب تین ماہ کے طویل انتظار کے بعد آج 25 جون سے ایس ایس ایل سی امتحانات شروع ہوگئے جس کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے جاری رہنما ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کیا جارہاہے۔امتحانات 4 جولائی تک جاری رہیں گے۔
آج پیر کو پہلا پرچہ سکینڈ لنگویج کا تھا جس میں اکثر لوگوں نے انگریزی پرچہ دیا تو کئی ایک نے کنڑا پرچہ لکھا۔ بھٹکل تعلقہ میں 1131 لڑکیوں اور 920 لڑکوں کے بالشمول جملہ 2051 طلبہ نے میٹرک امتحان کے لئے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا۔ جس کے لئے بھٹکل میں نو امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ان مراکز میں امتحانات کے لئے 140 کمرے مختص کئے گئے ہیں۔ سرکار کی طرف سے طلبہ کو ہرممکن سہولیات کے ساتھ پرچہ لکھنے 332 اہلکاروں کو کام پر لگادیا گیا ہے۔ جس میں 9 فزیکل ڈائرکٹرس بھی شامل ہیں جن کو امتحانات کے دوران طلبا کے درمیان سوشیل ڈیسٹنسنگ برقرار رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے
امتحان سے پہلے اور امتحان کے بعد ہرکمروں کو سینٹی ٹا ٹز کیا جارہا ہے، اسی طرح امتحان گاہ میں داخل ہونے سے پہلے طلبہ کی تھرمل اسکیننگ کی جاتی ہے ساتھ ساتھ ہر طلبہ کو ماسک پہن کر ہی امتحان گاہ میں داخل ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
کورونا سے متاثرہ مکانات کے دو سو میٹر کے احاطے تک اگر کسی اسٹوڈینٹ کا مکا ن ہے تو انہیں الگ کمرے میں امتحان دینے کا بندوبست کیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ بھٹکل تعلقہ میں ایسے 23 طلبہ کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے لئے الگ کمروں میں پرچہ لکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح تعلقہ کے 356 طلبہ جو دور دراز کے علاقوں میں رہتے ہیں، اُن کے لئے 14 روٹس سے طلبہ کو امتحان گاہ تک پہنچانے خصوصی سرکاری بس سروس بھی فراہم کی گئی ہے۔
ضلع اُترکنڑا میں جملہ 9,580 طلبہ ایس ایس ایل سی امتحانات دے رہے ہیں جس میں آج پہلے دن 136 طلبا غیر حاضر رہے ہیں، اس بات کی اطلاع کاروار ڈی ڈی پی آئی ہریش گاونکر نے دی ہے۔
یاد رہے کہ ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وبا کے پھیلاو کو دیکھتے ہوئے کرناٹک میں بھی طلبہ اور سرپرست توقع کررہے تھے کہ یہاں بھی امتحانات کینسل کردئے جائیں گے اور بچوں کو بغیر امتحان ہی پروموٹ کیا جائے گا، مگر ایسا نہیں ہوا اور ریاستی حکومت نے مکمل حفاظتی انتظامات کے ساتھ ریاست بھرمیں امتحانات منعقد کرائے۔ کہا جارہا ہے کہ لاک ڈاون کی وجہ سےاور امتحانات کینسل ہونے کے خدشہ کے پیش نظر بچوں نے اس بار امتحانات کے لئے زیادہ تیاری نہیں کرسکے ہیں۔
خیال رہے کہ ریاست کرناٹک میں 8,48,203 طلبہ میٹرک کا امتحان دے رہے ہیں جس کے لئے 2,879 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔